میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز 15 جون کے بعد ہوگا، شفقت محمود

08:24 AM, 7 May, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 15 جون کے بعد بورڈ امتحانات شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

ایک بیان میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ کے امتحانات 15 جون کے بعد شروع ہوں گے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 15 جون کے بعد 12 ویں اور 10ویں جماعت کے امتحانات ترجیحی بنیاد پر ہوں گے جب کہ گیارہویں اور نویں جماعت کے امتحانات بعد میں شروع ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے امتحانات کو ترجیح دی جائے گی تاکہ جامعات میں داخلے سے قبل ہی ان کے نتائج آ سکیں۔

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث وفاقی حکومت نے 15 جون تک تمام امتحانات بشمول او اور اے لیول کے جاری امتحانات منسوخ کردیے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ 15 جون تک تمام امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مئی میں ہونے والےانٹر کے امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔ مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیکر امتحانات کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ شفقت محمود نے کہا تھا کہ اے اور او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبرمیں ہونگے۔

مزیدخبریں