اسلام آباد: پاکستان میں مجموعی طور پر 668 ہیلتھ کئیر ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر وزارت قومی ہیلتھ کی جانب سے جاری رپورٹ کےمطابق اب تک 333ڈاکٹرز، 108 نرسز اور 227 ہیلتھ سٹاف کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔پاکستان میں دس ہیلتھ کیئر وورکرز اب تک کورونا کے سبب جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 316آئسولیشن، 187 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 155 کو رپورٹ منفی پر ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔آزاد کشمیر میں 1 ڈاکٹر 3 ہیلتھ ورکرز میں کورونا کی تشخیص ہوئی ۔ بلوچستان میں 90 ڈاکٹرز، 4 نرس اور 37 ہیلتھ سٹاف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔گلگت بلتستان میں ایک ڈاکٹر اور 18 ہیلتھ سٹاف میں کورونا تشخیص مثبت ہوئی جب کہ اسلام آباد میں 31 ڈاکٹرز،13 نرسز اور16 ہیلتھ سٹاف کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ میں 70ڈاکٹر، 27 نرسز اور 16 ہیلتھ سٹاف کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 85 ڈاکٹرز، 46نرسز اور 53ہیلتھ سٹاف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ سندھ میں 55ڈاکٹرز، 17 نرسز اور 37 ہیلتھ سٹاف کورونا میں مبتلاء ہوئے ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی اور تادم تحریر اموات کی تعداد 564 ہو گئی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 564 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 24 ہزار 73 تک پہنچ چکی ہے۔سندھ میں کورونا کے اب تک 8 ہزار 640 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 9 ہزار 77، خیبرپختونخوا 3,712، بلوچستان 1,659، اسلام آباد 521، آزاد کشمیر 76 اورگلگت بلتستان میں 388 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 203 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 157، پنجاب میں 175، بلوچستان 22، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔