نیب کا شاہد خاقان کیخلاف  ایل این جی کیس کاضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

نیب کا شاہد خاقان کیخلاف  ایل این جی کیس کاضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد:ایل این جی ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب ) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا، نیب نے فردِ جرم کی کارروائی سے پہلے عدالت سے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی مہلت مانگ لی۔جبکہ مقدمے میں مفرور سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد السلام کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے علاوہ سعید احمد سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے ریفرنس کی سماعت کی۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت میں سوال اٹھایا کہ نیب حتمی ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے بتائے۔ نیب حکام نے بتایا کہ ایل این جی ریفرنس کے حوالے سے ریکارڈ کراچی سے آنا ہے وہ نہیں لایا جا سکا جبکہ مقدمے میں نئے شواہد ملے ہیں جس کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ ملزم شاہد الاسلام کے بارے میں بتائیں، وہ کہاں ہے؟نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم شاہد الاسلام بیرونِ ملک روپوش ہے، ریفرنس سے متعلق ریکارڈ کراچی سے آنا ہے، وہ نہیں لایا جا سکا۔نیب تفتیشی افسر نے مفرور ملزم شاہد الاسلام سے متعلق حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی اور شاہد الاسلام کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کر دی۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہد الاسلام بیرونِ ملک ہیں، ان کے ٹھکانے کا پتہ نہیں چل سکا، شاہد الاسلام کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔ایل این جی ریفرنس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا، نیب نے فردِ جرم کی کارروائی سے پہلے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی مہلت مانگ لی۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی کے بیٹے اور فیملی کے خلاف ثبوت شامل ہوں گے، عبداللہ خاقان کے اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشن کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔نیب نے مزید بتایا کہ ایل این جی ٹرمینل ٹھیکے کے بعد شاہد خاقان کی فیملی کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے آئے، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کے اپنے کوئی ذرائع آمدن نہیں تھے ان کے اکاونٹ میں بھی رقوم آئیں۔نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عید کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کر دیں گے۔

احتساب عدالت نے نیب کو 11 جون تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا اور مزید سماعت بھی 11 جون تک ملتوی کر دی،بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہی جعلی ہے، حکومت چل نہیں رہی، نیب سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے   ، اب حکومتی افراد بھی نیب کے شکنجے میں آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے نیب قانون میں ترمیم کا کہہ رہے ہیں لیکن حکومت بہانے کرتی رہی ہے اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔

ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے لیکن کیس نہیں بن سکا۔ یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے معاملے پر وزیراعظم نے ملک کو تقسیم کردیا ہے ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے اندر کوئی اختلاف نہیں۔

اختلاف راے ضرور ہوتا ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانا شہباز شریف کا حق ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہی ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت بہانے کرتی رہی ہے ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے اور اس صورت حال میں وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف کے دور حکومت میں بحیثیت وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی پر ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد کے خلاف دینے کا الزام ہے۔