قابض بھارتی فوجیوں نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

11:21 AM, 7 May, 2020

سرینگر: مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے، ظالم فوج نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ شہید ہونے والوں میں حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف اور حریت پسند لیڈر ریاض نائیکو اور ان کے معاون عادل احمد بھی شامل ہیں۔


کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران بھی قابض بھارتی فوج کی جنونیت میں کمی واقع نہیں ہوئی، بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی جاری ہے اور مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی ہے۔

قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف، حریت پسند اور شہید برہان وانی کے جانشین ریاض نائیکو شہید ہوئے ہیں جبکہ ان کے ساتھ عادل احمد بھی شہید ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے گزشتہ رات حریت پسند ریاض نیکو کو گھیرے میں لیا تھا۔

دوسری طرف حریت رہنماؤں نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کی نسل کشی کے بعد سڑکوں پر نکل آئیں، کیونکہ قابض بھارتی فوج آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کشمیری حریت رہنماؤں محمد اشرف، عمر عادل ڈار، یاسمین راجہ، محمد یوسف نقاش، مسلم لیگ، پیپلز لیگ، طلبہ سمیت دیگر بڑی تعداد نے شہید ہونے والے کشمیری حریت پسندوں ریاض نائیکو اور عادل احمد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی فورسز اب کشمیریوں کو شہید کرنے کے بعد انکے جسد خاکی تک ان کے اہلخانہ کو نہیں دیتی اور انہیں خود ہی نامعلوم مقام پر قبرستان میں دفن کردیتی ہے اور اکثر اوقات ان کی شناخت بھی ظاہر نہیں کرتی۔

مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے چالیس روز سے سخت لاک ڈاوٴن جاری ہے اور اس لاک ڈاون کی آڑ میں فوجی آپریشنوں کو تیز کردیاگیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق لاک ڈاون کے دوران اب تک 34 حریت پسندوں کو شہید کیا گیاہے۔ صرف رمضان کے پہلے عشرے میں 9 کشمیریوں کو شہید کیاجاچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب وادی کے تمام اضلاع میں لوگ گھروں میں بند ہیں، فوج، پولیس اور نیم فوجی عملے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے لوگ اب کورونا سے زیادہ زمینی حالات سے خوفزدہ ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خبریں سامنے آئی تھی کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج شہید ہونے والے نوجوانوں کو بغیر نماز جنازہ کے تدفین کر رہی تھی۔ 

مزیدخبریں