صادق آباد: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے دوران 5 ہزار 760 بوری گندم برآمد ہوئی۔
اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مطابق ماچھی گوٹھ کے قریب گودام میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے ہزاروں کی تعداد میں ذخیرہ کی گئی گندم کی بوریاں برآمد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو ذخیرہ اندوذی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے، بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید تیز اور موثر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اجلاس میں گندم ، پیاز ، ٹماٹر اور دیگر اشیا کی مشرقی و مغربی سرحدوں کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور سرکاری طور پر گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ عوام کو ریلیف کرنے کے حوالے سے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔عمران خان نے کہا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ مناسب قیمت پر میسر آئیں اور ایسے طبقوں پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ گندم چینی و دیگر اشیا ضروریہ کے اسٹاک کا حقیقی ڈیٹا اور طلب و رسد کے حوالے سے درست تخمینوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔