جدہ : سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے مسجد الحرام کی چھت پر سیکیورٹی باڑ کی تنصیب کا کام مکمل ہوگیا ۔ اور سعودی حکومت نے رمضان المبارک کی آمد پر عمرہ زائرین کے لیے باب الملک عبدالعزیز بھی کھول دیا ہے ۔
سعودی اخبار کے مطابق عمرہ سیکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے بتایا کہ مسجد الحرام کی چھت پر سیکیورٹی باڑ کی تنصیب کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ یہ بار حرم شریف کی چھت پر نماز پڑھنے والوں کے تحفظ کی خاطر بنائی گئی ہے ۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ماضی میں متعمرین کی لاپرواہی یا نادانی کے باعث متعدد حادثات پیش آرہے ہیں باڑ کی تنصیب احتیاطی تدبیر ہے تاکہ چھت سے نہ تو کوئی نیچے گرے اور نہ وہاں سے چھلانگ لگا کر زائرین کو پریشان کر سکے ۔
الاحمدی نے بتایا کہ چھت سے گرنے یا چھلانگ لگانے کے چند واقعات دیکھنے میں آئے ہیں ۔ مسجد الحرام کی چھت پر 500 میٹر طویل سیکیورٹی باڑ لگائی جا رہی ہے جس کی اونچائی 3 میٹر سے زائد ہے ۔