جہلم: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب ہمارا مقابلہ تمہارے ساتھ نہیں، کبھی گیدڑ بھی شیر کا مقابلہ کرتے ہیں؟
جہلم میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نیب کورٹ میں پیشی کے بعد آپ کے پاس آیا ہوں، آج نیب کورٹ میں میری 62 ویں پیشی تھی اور قصور یہ ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔ کہتے ہیں تمہارے پاس اقامہ ہے، یہ کہہ کر مجھے فارغ کر دیا گیا۔ سر توڑ کوشش ہو رہی ہے نواز شریف کو جیل بھیج کر قید کر دیا جائے، مجھ پر کسی کرپشن اور لوٹ مار کا الزام نہیں۔ نواز شریف کا مقدمہ دن رات چل رہا ہے۔ لوٹ مار کرنے والے آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں۔ جہلم پھر لاؤڈ اینڈ کلیئر بتا رہا ہے، فیصلہ منظور نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خلوص نیت سے خدمت کرنے والا وزیراعظم کبھی ٹھہر نہیں سکا، ہمارے اگلے 70 سال گزشتہ 70 سال سے کافی بہتر ہوں گے، آئندہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ووٹ کی بے حرمتی کرے۔ وزیراعظم دن رات محنت کرتا ہے ملک سے اندھیرے دور اور لوڈ شیڈنگ ختم کرتا ہے، وہ سی پیک ملک میں لے کر آتا ہے، پاکستان کو بلندیوں کی طرف لے کر جاتا ہے۔ آپ بتائیں ن لیگ کی حکومت نے پاکستان کے اندھیروں کو دور کیا یا نہیں؟ پاکستان میں دہشت گردی کو ختم کیا یا نہیں کیا؟ پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا یا نہیں کیا؟ ہماری حکومت نے پاکستان سے دہشت گردی ختم کر کے کراچی کا امن بحال کیا۔ سی پیک آیا تو روزگار مل رہا تھا لوگ خوشحال ہو رہے تھے۔
نواز شریف نے کہا کہ عمران خان صاحب ہمارا مقابلہ تمہارے ساتھ نہیں، کبھی گیدڑ بھی شیر کا مقابلہ کرتے ہیں؟ یہ تو الزام لگا کر بھاگنے والے لوگ ہیں۔ عمران خان تم کیا نواز شریف کے شیروں کا مقابلہ کرو گے، تم بہت بے اصول آدمی نکلے، تم کہتے تھے زرداری سے ہاتھ بھی نہیں ملا سکتا، اب تو دل بھی ملا رہے ہو، عمران خان آپ بزدل ترین آدمی ہو، طاقت ہے تو سامنے آو۔