جس نے ساتھ چھوڑنا ہے چلاجائے، میں نے بتیاں بجھا دی ہیں، بلاول بھٹو

06:12 PM, 7 May, 2018

منڈی بہاوالدین: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی حکومت نے زراعت کو تباہ کردیا ہے، غریب مر رہے ہیں، یہ کس منہ سے خوشحالی کی بات کرتے ہیں۔نواز شریف خلائی مخلوق کی بات اس لیے کررہے ہیں کیوں کہ ان کی مدد نہیں ہورہی۔


 ممبر سازی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جس نے میرا ساتھ دینا ہے وہ میرے ساتھ چلے اور جس نے میرا ساتھ چھوڑنا ہے وہ چلاجائے، میں نے بتیاں بجھا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف ایک جیسی سیاست کرتے ہیں، دونوں کی پالیسیاں ایک ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہےاور عوام کی طاقت پر بھروسہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو باردانہ نہیں مل رہا کسان جائیں تو جائیں کہاں، ہم نے ہمیشہ کسان دوستی کا ثبوت دیا۔


انہوں نے کہا کہ میرا آپ سے نظریے کا رشتہ ہے، جو نظریہ ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا تھا وہی میرا نظریہ ہے۔پنجاب کے کسانوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، یقین ہے کہ آئندہ بھی یہاں کے عوام میرا ساتھ دیں گے۔ن لیگ نے کسانوں کو تباہ کردیا ہے، کسان کو اس کی فصل کی ٹھیک قیمت نہیں مل رہی، پیپلز پارٹی نے وفاق میں آکر گندم کی قیمت 600 سے بڑھاکر 1200روپے کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امیروں کو زیادہ امیر بنانے سے ملک خوشحال نہیں ہوتا۔میری سیاست جمہوری اور وفاقی سیاست ہے، ہم نے اپنی جانیں دیں، شہادتیں پائیں۔

مزیدخبریں