لاہور : قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس پر نیا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ کیپنگ کرنے سے انکار کیا تو انہوں نے کہا کہ اب میں دیکھتا ہوں کہ تمہیں کون کھلاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حال ہی میں فیصل آباد میں کھیلا گیا پاکستان کپ عمر اکمل کے پاس یہ سنہری موقع لےکر آیا تھا کہ وہ اس میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرکے سلیکٹرز کو اپنی موجود گی کا احساس دلاتے تاہم وہ اس میں بری طرح ناکام رہے اور 5میچز میں 18کی اوسط سے محض72رنز سکور کرسکے۔
میچ کے دوران انٹر ویو میں عمر اکمل نے ٹیسٹ ٹیم سے نکالے جانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 4سال ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز میں وکٹ کیپنگ کے فرائض سر انجام دیئے ہیں لیکن اس وقت کے ہیڈکوچ وقار یونس مجھ پر زور رہے تھے کہ میں ٹیسٹ میچز میں بھی وکٹ کیپنگ کروں،میں نے انہیں کہا کہ ہمارے زیادہ تر ٹیسٹ میچز متحدہ عرب امارات میں ہوتے ہیں جہاں مصباح الحق عمومی طور پر تین سپنرز کھلاتے ہیں جن پر وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے مجھے مسئلہ ہوتا ہے۔
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں ملک کیلئے ہمیشہ دیانتداری سے کھیلا ہوں لیکن وقار یونس مجھ پر دباو ڈالتے رہے کہ میں ٹیسٹ میچز میں بھی وکٹ کیپنگ کروں اور جب میںنے انکار کیا تو انہوں نے مجھے کہا کہ دیکھتاہوںکہ اب تمہیں کرکٹ کون کھلاتا ہے۔
اب میں دیکھتا ہوں کہ تمہیں کون کھلاتا ہے، عمر اکمل کا وقار یونس پر نیاالزام
05:37 PM, 7 May, 2018