پاک فوج نے چمن سرحد پر اپنے مورچے سنبھال لئے،تمام دیہاتوں کو خالی کرا لیا گیا

03:43 PM, 7 May, 2017

چمن:پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر چمن کے مقام پر اپنے مورچے سنبھال لئے ، کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سرحد پر واقع تمام دیہاتوں کو خالی کر الیا ہے ،اس ضمن میں پمفلٹ کی تقسیم بھی شروع کردی گئی ۔ڈپٹی کمشنر چمن قیصر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کلی جہانگیر، کلی لقمان، گل دارا باغیچہ سمیت تمام سرحدی دیہات کے مکینوں کو لاﺅڈ سپیکرز کے ذریعے اعلانات اور پمفلٹ تقسیم کرکے علاقے خالی کرا لئے گئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ پاک افغان کشیدگی پر آج دوسرے روز بھی پاکستان اور افغانستان کے اعلی فوجی حکام کے درمیان باب دوستی پردو دن سے فلیگ میٹنگ جاری ہے، میٹنگ میں سرحدی معاملات پر بحث کی جائے گی جبکہ گزشتہ شام باب دوستی پر ہونے والی فلیگ میٹنگ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی تھی۔دوسری جانب پاک فوج مورچہ بند ہو گئی ہے اور سرحد سے ملحقہ 4 کلومیٹر کے علاقے کو نومین ایریا قرار دے دیا گیاہے۔
مقامی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے ۔ذرائع نے امید ظاہر کی کہ فلیگ میٹنگ کے دوران معاملات طے کرلئے جائیں گے ۔

مزیدخبریں