شادی نہ ہونے پر نوجوان پریشان، پولیس اسٹیشن جا کر مدد مانگ لی

شادی نہ ہونے پر نوجوان پریشان، پولیس اسٹیشن جا کر مدد مانگ لی

اترپردیش: بھارت میں شادی کے حوالے سے حیران کن واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، لیکن اس بار معاملہ نہ تو جھگڑے کا ہے اور نہ ہی کسی رسم و رواج کا، بلکہ ایک نوجوان نے اپنی شادی نہ ہونے پر پولیس سے مدد مانگ لی۔

یہ دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی کے گاؤں مادھو گنج میں پیش آیا، جہاں ایک نوجوان کافی عرصے سے شادی کی فکر میں مبتلا تھا۔ جب اسے کوئی راستہ نظر نہ آیا تو اس نے پولیس تھانے کا رخ کر لیا اور وہاں پہنچ کر شادی کے لیے درخواست دے دی۔

نوجوان نے ایس ایچ او کے کے یادو سے ہاتھ جوڑ کر التجا کی کہ وہ کئی بار کوشش کر چکا ہے، لیکن کسی پڑھی لکھی لڑکی سے شادی کرنے کے قابل نہیں۔ اس نے پولیس سے مدد مانگی کہ اس کی شادی کسی تعلیم یافتہ لڑکی سے کرائی جائے۔

نوجوان کی غیر معمولی شکایت سن کر پولیس انسپکٹر بھی حیران رہ گئے، تاہم انہوں نے اسے تسلی دی اور مناسب حل نکالنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس واقعے کے بعد نوجوان کی درخواست سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ دلچسپ تبصرے کرنے لگے۔