جماعت اسلامی کبھی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے اقتدار میں نہیں آئی: حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی کبھی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے اقتدار میں نہیں آئی: حافظ نعیم الرحمان

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کی واپسی کے لیے آیت کریمہ پڑھ رہے تھے تاکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کو رہائی مل سکے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار حاصل نہیں کیا اور نہ ہی ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو مصنوعی دباؤ میں نہیں لانا چاہیے بلکہ انہیں آزادی دی جانی چاہیے کیونکہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مظلوم ہیں اور جماعت اسلامی ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیتی ہے۔

انہوں نے پنجاب کی سیاست اور تعلیمی نظام پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 100 فیصد سرکاری اسکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی پالیسی ناقابل قبول ہے، کیونکہ آئین کے مطابق حکومت پرائمری اور میٹرک تک مفت تعلیم دینے کی پابند ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں طبقاتی تعلیمی نظام ختم کرنے اور تمام حکومتی عہدیداران کے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرانے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ نظام میں بہتری آئے۔

اس کے علاوہ انہوں نے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر جماعت اسلامی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر میں عوامی مسائل پر ایک بڑا کنونشن منعقد کیا جائے گا۔