دہشتگردی کے خلاف اقدامات ضروری، ایمل ولی خان کا آصف زرداری کو ہنگامی خط

06:55 PM, 7 Mar, 2025

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر ایمل ولی خان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو خط لکھ کر خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔


خط میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں حکومت اپنی رٹ کھو چکی ہے۔ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ یہ وقت تاخیر یا غلط فیصلوں کا نہیں ہے اور ریاست کو عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا یقین دلانا ہوگا۔


خط میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا جا سکے۔ ایمل ولی خان نے دہشتگردی کے خلاف فوری اقدامات اٹھانے پر زور دیا تاکہ ان خطوں میں امن و استحکام بحال ہو سکے۔
 

مزیدخبریں