آن لائن منگوائی گئی منشیات کی ترسیل ناکام، ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

آن لائن منگوائی گئی منشیات کی ترسیل ناکام، ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

لاہور: پولیس نے منشیات کی ایک بڑی ترسیل ناکام بناتے ہوئے 2 منشیات ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔

ایس ڈی پی او برکی غلام دستگیر کی سربراہی میں ایس ایچ او ڈیفنس سی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کی۔ دورانِ چیکنگ ملزمان تنویر اور اشرف کو منشیات کی ڈلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔


ایس پی کینٹ کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے 12 کلو سے زائد ویڈ برآمد ہوئی، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پشاور سے آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے پوش علاقوں، تعلیمی اداروں، ہوسٹلز اور کالجز کے اطراف میں نوجوانوں کو فروخت کرتے تھے۔


پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔