دبئی: فروری 2025 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ کے لیے تین کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے سٹیو اسمتھ، بھارت کے شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے گلین فلپس شامل ہیں۔ یہ تینوں کھلاڑی مختلف فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے ممالک کے لیے اہم رنز بنانے والوں میں شامل رہے۔
سٹیو اسمتھ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو میچز میں 136.00 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 141 اور 131 رنز بنائے۔ ان کی شاندار پرفارمنس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایک روزہ سیریز میں بھی اسمتھ نے 12 اور 29 رنز بنائے۔
بھارت کے شبمن گل نے فروری میں پانچ ایک روزہ میچز میں 406 رنز بنائے، جن میں انگلینڈ کے خلاف ان کی شاندار اننگز شامل ہیں۔ گل نے ناگپور میں 87، کٹک میں 60 اور احمد آباد میں 112 رنز بنائے، اور ان کی پرفارمنس کے باعث بھارت نے انگلینڈ کو 3-0 سے شکست دی۔
نیوزی لینڈ کے گلین فلپس نے پانچ ون ڈے میچز میں 236 رنز بنائے اور ان کی تین ناقابل شکست اننگز نے نیوزی لینڈ کو پاکستان میں سہ فریقی سیریز جیتنے میں مدد فراہم کی۔ فلپس نے چیمپیئنز ٹرافی میں بھی شاندار پرفارمنس دکھائی، پاکستان اور بنگلا دیش کے خلاف ان کی عمدہ اننگز یادگار رہیں۔