مراکش کشتی حادثے میں ملوث 3 سمگلنگ ایجنٹس گرفتار

مراکش کشتی حادثے میں ملوث 3 سمگلنگ ایجنٹس گرفتار

لاہور:ایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت تین ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے زون گوجرانوالہ کے ترجمان کے مطابق، ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں مرزا احسان بیگ، عمران مشتاق اور حسن عباس شامل ہیں۔

مرزا احسان بیگ کا تعلق مراکش کشتی حادثے سے ہے، اور اس نے اپنے ساتھیوں فادی گجر، باشی گجر اور رانا لیاقت کے ساتھ مل کر ایک شہری کو سپین بھجوانے کی کوشش کی تھی۔ ملزمان نے شہری سے 27 لاکھ روپے ہتھیائے اور اسے پہلے موریطانیہ بھیجا، پھر کشتی کے ذریعے اسپین اسمگل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، شہری نے کشتی کے ذریعے سفر سے انکار کر دیا اور واپس پاکستان آ گیا۔

دوسری کارروائی میں عمران مشتاق کو اسلام آباد میں ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا، جس نے 30 لاکھ روپے لے کر شہری کو کینیڈا بھجوانے کی کوشش کی، لیکن وہ اس میں ناکام رہا۔

تیسری کارروائی میں حسن عباس کو سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا، جس نے شہریوں کو سپین سمگل کرنے کے لیے 28 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ شہریوں نے کشتی کے ذریعے سفر سے انکار کیا اور واپس پاکستان آ گئے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

مصنف کے بارے میں