اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کیلئے 7.5 ارب روپے کی سبسڈی پر مبنی تاریخی رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان المبارک میں وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
رمضان المبارک میں ملک بھر میں 3 کروڑ 96 لاکھ سے زائد خاندانوں کو اشیا خورونوش سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔بینظیر انکم سپورٹ پوروگرام کے تحت اہل 88 فیصد خاندانوں کو آٹا، چاول، دالیں، گھی، خوردنی تیل، چینی، دودھ سمیت 19 اشیاء خورونوش بازار سے بارعایت فراہم کی جارہی ہیں۔آٹے کے 20 کلو تھیلے پر 77 روپے فی کلو اور گھی پر 70 روپے فی کلو سبسڈی دی جارہی ہے، وزیرِاعظم کا رمضان ریلیف پیکیج ملک بھر میں قائم 4 ہزار 775 یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط خاندانوں کو اشیائے خورونوش کی بازار سے کم قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رمضان پیکیج میں تقسیم کی جانے والی اشیا کے معیار کی کڑی نگرانی کی جائے اور یقینی بنایا جائے کہ رمضان پیکیج کے حصول کیلئے آنے والے مستحق افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ان کاکہنا تھا کہ مضان المبارک کے مقدس مہینے میں دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیرِ اعظم نے رمضان میں ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار 500 روپے کی سہ ماہی قسط مستحق افراد میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کی بلوچستان کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے تحت مستحق افراد میں اضافی 2 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان،7.5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی
07:13 PM, 7 Mar, 2024