اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈاپور کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل ظہور الحسن اور پراسیکیوٹر محمد سلمان سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل ظہور الحسن نے عدالت میں علی امین گنڈاپور کی سرکاری مصروفیات کے باعث پیش نہ ہونے پراستثنیٰ کی درخواست دی جو عدالت نے منظور کر لی۔وکیل نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
دورانِ سماعت وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دےدیا۔
عدالت کی جانب سے ریمارکس دیے گئے کہ پراسس سرور نے نوٹسز تعمیل نہیں کرائے اور ملزم کو نوٹسز موصول نہ ہوسکے، ملزم کے خلاف دفعہ 87 اور 88 کی کارروائی ختم کی جاتی ہے۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزار 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروائیں اور ایک مقامی ضامن دیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس واپس ٹرائل کورٹ کو بھجواتے ہوئے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج ہے، گزشتہ برس دسمبر میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔