اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب سے اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ ا
اسٹیٹ کونسل نے اعظم سواتی کیخلاف درج پانچ مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف دو مقدمات پولیس، تین مقدمات ایف آئی اے میں درج ہیں۔
ایف آئی اے کے تینوں مقدمات سائبر کرائم سے متعلق ہیں۔ ایف آئی اے کے دو مقدمات میں ضمانت منظور ہے جبکہ ایک مقدمہ میں ضمانت مسترد ہوچکی ہے۔
درخواست گزار وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نیب مقدمات کی تفصیلات بھی منگوائی جائیں جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرکے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست کی آئندہ سماعت 13 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔