اسلام آباد : ن لیگ کے سینئر رہنما اور متوقع وزیر اطلاعات عطا ء تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چارج سنبھالتے ہی روزانہ معیشت پر اجلاس کیے ہیں ۔گزشتہ روز بھی ایف بی آر اصلاحات اور پی آئی اے کی نجکاری پر میٹنگ کی گئی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ کابینہ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے ،اگلے 48گھنٹے میں کابینہ تشکیل دیدی جائے گی، وزیر خزانہ کیلئے دو تین نام چل رہے ہیں۔ محمد اورنگزیب کا نام بھی وزیرخزانہ کی دوڑ میں شامل ہے، ایف بی آر سے متعلق اجلاس میں اسحاق ڈار، شمشاد اختر اور محمد اورنگزیب شامل تھے۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ میرے وفاقی وزیر اطلاعات بننے کا امکان بھی موجود ہے، مریم اورنگزیب کے پنجاب جانے کے بعد اطلاعات کا کام میں ہی دیکھ رہا ہوں، پارٹی نے میرے حوالے سے جو بھی فیصلہ کیا اسے خوشدلی سے قبول کروں گا۔ ایم کیو ایم کے ساتھ آ ج ہماری حتمی نشست ہوگی ۔ اتحادیوں کے عشائیہ میں بھی آج ایم کیو ایم شرکت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ نشست میں معاملات طے ہوجائیں گے، ایم کیو ایم ہماری فطری اتحادی پارٹی ہے، اتحادیوں کے عشائیہ میں صدارتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی طے ہوگی۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ آج پشاور ہائیکورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس میں ہمارے وکلاء پیش ہوں گے۔ آئین اور الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں اسی جماعت کو ملیں گی جس کا وجود پارلیمنٹ میں ہے، آزاد اراکین اس جماعت کو جوائن کرسکتے ہیں جو پارلیمنٹ میں موجود ہو۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ایسا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں مل سکیں۔ قانون سے لاعلم ہونے کا نقصان آپ کو ہوتا ہے تو یہ کوئی وجہ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کو ماضی میں اتنی رعایتیں ملتی رہیں کہ یہ آئین و قانون کی خلاف ورزی کے باوجود نرمی کی توقع رکھتے ہیں۔