راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
پنڈی کلب گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
شان مسعود 75 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 33، ریلی روسو 15، ٹم ڈیوڈ 60 ڈیوڈ ملر 11 اور کیرون پولارڈ 1 سکور بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد وسیم جونیئر نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں بالخصوص فہیم اشرف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں رحمن اللہ گرباز 25، ایلکس ہیلز 1، کولن منرو 40، شاداب خان 44، اعظم خان 3، آصف علی 8، مبصر خان 5 اور محمد وسیم جونیئر 16 رنز بنا سکے۔
ملتان سلطانز کے انور علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ احسان اللہ اور اسامہ میر نے 2,2 وکٹیں اور عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ریلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد الیاس اور احسان اللہ شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمن اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، کولن منرو، مبصر خان، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، رومان رئیس اور فضل حق فاروقی شامل تھے۔