روسی فوج کا یوکرائن کے متعدد شہروں میں فائر بندی کا فیصلہ 

روسی فوج کا یوکرائن کے متعدد شہروں میں فائر بندی کا فیصلہ 
سورس: File

کیف : روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی فوج یوکرائن کے متعدد شہروں میں فائربندی کرے گی اور متعدد شہروں میں انسانی ہمدردی کے تحت راہداریاں کھولے گی۔

راہداریوں کو دارالحکومت کیف کے ساتھ ساتھ خارکیف، ماریوپول اور سومی کے شہروں سے ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے کھولا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے یہ اقدام فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی ذاتی درخواست پر اٹھایا جارہا ہے۔

آر آئی اے نیوز ایجنسی کی جانب سے شائع کردہ نقشوں کے مطابق کیف سے راہداری روسی اتحادی بیلاروس کی جانب لے جائے گی اور خارکیف کے شہریوں کے پاس صرف روس کی جانب جانے والی راہداری ہوگی جبکہ ماریوپول اور سومی سے راہداریاں یوکرائن کے دوسرے شہروں اور روس دونوں کی جانب لے جائے گی۔

  

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جو لوگ کیف چھوڑنا چاہتے ہیں انہیں ہوائی جہاز سے روس بھیجا جاسکے گا، وزارت نے مزید کہا کہ وہ انخلا کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کرے گی۔

روسی وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ روس اور پوری مہذب دنیا کو دھوکا دینے کی یوکرین کی جانب سے کوششیں اس بار بیکار ہیں۔

روس کے حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی ہے، حملے کے باعث 15 لاکھ سے زیادہ یوکرائنی شہری بیرون ملک منتقل ہونے پر مجبور ہو چکے اور روسی معیشت کو مفلوج کرنے کے مقصد سے مغربی ممالک نے سخت پابندیاں لگائی ہیں۔

روس نے 24 فروری کو شروع کی گئی اس مہم کو خصوصی فوجی آپریشن قرار دیا ہے ۔ اس نے بارہا شہری علاقوں پر حملے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کا یوکرائن پر قبضے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

مصنف کے بارے میں