اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہےکہ تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے، اپوزیشن عوام کے فیصلے پر عمل کررہی ہے ۔ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے تحریک عدم اعتماد ہی راستہ ہے ۔عمران نیازی کی خارجہ امور پر کنٹینر والی ناسمجھ گفتگو ریاست پاکستان کے لئے گھبرانے والی بات ہے۔
شہبازشریف کہتے ہیں معیشت کی بحالی، عوام کو مہنگائی سے نجات اور ریلیف دینے کے لئے اس حکومت کو ہٹانا لازم ہے ۔وہ لینڈ مائینز صاف کرنا پڑیں گی جو موجودہ حکومت نے معیشت اور ملک کی بنیادوں میں بچھائی ہیں ۔مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہے۔ وہ ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے موجودہ حکومت سے نجات شرط اول ہے۔مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، اس کی غلط پالیسیز اور فیصلے ہیں،شہبازشریف کا کہنا ہےکہ ریاست اور عمران نیازی کی سمت باہم مخالف ہیں، یہ قومی مفادات کے لئے نیک شگون نہیں ۔عمران نیازی اپنی سیاست اورساکھ خراب کرچکے، پاکستان کی عالمی سیاست اورساکھ خراب نہ کریں ۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ ملک میں سیاست ڈبونے والا پاکستان کی عالمی سیاسی پوزیشن پر نہ بولے تو بہتر ہے ۔جوہری پاکستان کے وزیراعظم کی خارجہ امور پر غیرمحتاط گفتگو قومی مفادات کے لئے خطرناک ہے ۔قیادت کے غلط فیصلوں کی قیمت ممالک اور عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے، احساس کریں ۔
شہبازشریف کا مزید کہنا ہےکہ معیشت ، خارجہ وداخلہ امور، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کے بعد مزید تجربات سے پرہیز ہی پاکستان کے حق میں بہتر ہے ۔گالیاں تحریک عدم اعتماد کا راستہ نہیں روک سکتے۔ رویہ گھبراہٹ کا ثبوت ہے ۔آنے والے دنوں میں عمران نیازی مزید گھبرائیں ۔