اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے باعث اطمینان ہوگی ، اپوزیشن کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ، جھاڑو پھر جائے گا ۔ جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مارچ کے پورے مہینے میں خبروں کی گہما گہمی رہے گی ، خواتین مارچ ، حجاب مارچ اور علما مارچ پر ہمیں اعتراض نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن 10 مارچ کو دے گی ، ریکوزیشن کے 15 دن بعد اجلاس ہوگا ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کے بعد ہوگا تو شور کیسا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے 172 ارکان اپوزیشن نے لانے ہیں ۔ بندے سارے اللہ کے ہوتے ہیں ، جیت ہار اللہ کے ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی میں ہوگا ، اپوزیشن کے چہروں سے لگتا ہے یہ ہاریں گے ۔ تمام اتحادیوں سے بات چیت کا حامی ہوں ۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن مان گئی ہے اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہو چکی ہے لیکن ہارنے پر اپوزیشن کہے گی تھرڈ امپائر نے ہرایا ، عمران خان تمام بحرانوں سے کامیاب ہو کر نکلے گا ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں پٹرول اور گیس کا طوفان کھڑا ہوا ہے ۔ عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات پر 20 روپے کم کیے ۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی کی گئی ہے ۔ دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں ، آپ ملک کیسے چلائیں گے ۔ ملک زلزلوں ، سیلاب سے نہیں بلکہ انتشار سے تباہ ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آسٹریلوی ٹیم کی وجہ سے مارچ کا روٹ تبدیل کیا ہے ۔ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی ، اپوزیشن کو جلسہ کرنے کی بھی اجازت دیں گے ۔ 22 سے 24 مارچ تک اسلام آباد میں مقامی تعطیل ہوں گی ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پشاور دھماکہ کے 6 ملزموں تک پہنچ گئے ہیں ۔ غیر ملکی طاقتیں ملک میں عدم استحکام چاہتی ہیں اس لیے سکیورٹی تھریٹ پیدا کیے جا رہے ہیں ۔