کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف کے علاقے ارین میں روس کی شیلنگ سے ایک ہی خاندان کے4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک یوکرین پر حملے جاری رہیں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ارین میں روسی شیلنگ سے ہلاک ہونے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد میں ماں، باپ اور ان کے 2 بچے شامل ہیں، یہ خاندان روسی بمباری سے بچنے کیلئے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
یوکرین کی وزارت دفاع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف پر بڑے حملے کی تیاری شروع کر دی ہے جبکہ روسی صدر میرپوٹن کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک یوکرین پرحملے جاری رہیں گے۔
ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ جب تک عالمی برادری روس کے مطالبات پورے نہیں کرتی، یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم جوہری تنصیبات پر حملے نہیں کر رہے جبکہ اپنے مقاصد حاصل کر کے رہیں گے۔
دوسری جانب عالمی توانائی ایجنسی( آئی اے ای اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین میں واقع یورپ کا سب سے بڑا جوہری پلانٹ روسی افواج کے کنٹرول میں ہے اور اس علاقے میں موبائل فوانٹرنیٹ سروس بند کردی ہے جس سے مواصلاتی نظام متاثرہوا ہے۔