راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں گزشتہ رات وقفے وقفے سے بارش کے باعث گراؤنڈ گیلا ہو گیا اور اس وجہ سے میچ کے چوتھے روز کا کھیل شروع کرنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ سٹاف آؤٹ فیلڈ خشک کرنے میں مصروف ہے تاکہ جلد از جلد کھیل شروع ہو سکے تاہم ساڑھے 10 بجے معائنے کے بعد کوئی کریں گے جبکہ دونوں ٹیمیں ہوٹل سے 10 بجے سٹیڈیم کیلئے روانہ ہوں گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم آج 271 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے ادھوری اننگز کا آغاز کرے گی۔ مارنوس لابوشین 69 رنز اور سٹیو سمتھ 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ عثمان خواجہ 97 اور ڈیوڈ وار 68 رنز بنا سکے۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے امام الحق اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اظہر علی 185 اور امام الحق 157 رنز بنا سکے۔