لاہور : لاہور میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب ، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، علی حیدر گیلانی، قمر زمان کائرہ ، رانا ثناء اللہ ،ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق اور اویس لغاری بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے منتخب جمہوری حکومت کی ضرورت ہے۔ عوام اس وقت انتہائی مشکل میں ہیں،ان پر نااہل حکومت مسلط ہے۔مانگے تانگے کی حکومت اب نہیں چل سکتی۔ سڑک اور پارلیمنٹ دونوں جگہ احتجاج کریں گے۔پی ڈی ایم پہلے بھی تمام فیصلے مشاورت سے کرتی رہی اب بھی کرے گی ۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جو بھی فیصلے کریں گے،باہمی مشاورت سے کریں گے۔پی ڈی ایم کی تاریخی کامیابی ہے جس نے کٹھ پتلی حکومت کو ہرایا ۔حمزہ شہباز کو جیل سے باہر آنے پر مبارکباد دینے آئے تھے ۔پنجاب حکومت نے حمزہ شہباز کو 2 سال جیل میں رکھا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دیں ۔بے نظیر بھٹو بہادر خاتون تھیں۔ہم نے غلطیوں سے سبق سیکھا ہے۔ملک میں آٹے اور چینی کا بحران شدید ہوتا جا رہا ہے۔صفائی کی صورتحال ایسی ہے کہ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ہیں۔پنجاب کے اسپتالوں میں لوگوں کو ادویات میسر نہیں ۔ملک میں آج مہنگائی عروج پر ہے،عوام پریشانی کا شکار ہیں۔بلاول بھٹو کو یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کی مبارکباد دی ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا موقف ہے کہ پی ڈی ایم کو وفاق میں تبدیلی کی بجائے سب سے پہلے پنجاب میں تبدیلی لانی چاہیے اور عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاکر پنجاب کو بچانا چاہیے ۔ پنجاب میں تبدیلی کے بعد وفاق میں سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جانی چاہیے۔