نواز الدین صدیقی کی اہلیہ کا شوہر سے طلاق نہ لینے کا فیصلہ

09:08 AM, 7 Mar, 2021

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ نے اپنے شوہر سے طلاق نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تمام اختلافات ختم کرکے دوبارہ خوشگوار زندگی کا آغاز کرنا چاہتی ہوں۔

خیال رہے کہ نواز الدین صدیقی کی اہلیہ کا نام عالیہ ہے اور انہوں نے گزشتہ سال عدالت میں درخواست کی تھی، تاہم اب ان کی جانب سے بیان دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے مجبور ہو گئی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کا خاندان خوش وخرم رہے۔

عالیہ صدیقی نے یہ بات ایک انڈین چینل کیساتھ گفتگو میں کہی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل میں عالمی وبا میں مبتلا ہو گئی تھی، اس دوران نواز الدین نے جس طرح بچوں کا خیال رکھا، وہ بیان سے باہر ہے، انہوں نے ثابت کیا کہ وہ ناصرف اچھے انسان بلکہ ایک شفیق بات اور پیار کرنے والے شوہر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں نے نواز الدین کا الگ روپ دیکھا کہ وہ ایک خیال رکھنے والا شوہر اور باپ ہے، جب میں اپنے بچوں کے ساتھ نہیں تھی تو اس نے بچوں اور ان کی تمام تر چیزوں کا خیال رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بیماری کے دوران نواز الدین صدیقی نے بچوں کی بہت اچھی دیکھ بھال کی جو صرف ایک باپ ہی اپنے بچوں کیلئے کر سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے رویے اور عمل سے مجھے بہت متاثر کیا۔

عالیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے بھی اپنے باپ سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ ہم سب دوبارہ اکھٹے رہیں۔ میں ایسے شخص کیساتھ رہنا چاہتی ہوں جو میرا ساتھ دے اور بھرپور پیار کا اظہار کرے، یہ تمام خصوصیات نواز الدین صدیقی میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز الدین صدیقی نے ثابت کیا ہے کہ وہی شخص ہیں جن کیساتھ میں خوشحال زندگی گزار سکتی ہوں۔ ہم فیصلہ کر چکے ہیں کہ ماضی کو بھلا کر اپنے بچوں کیلئے تمام کدورتوں کو ختم کر دیں گے۔

(بشکریہ نئی بات)

مزیدخبریں