روہڑی کے قریب کراچی ایکسپریس کو حادثہ، ایک خاتون جاں بحق، 40 مسافر زخمی

07:27 AM, 7 Mar, 2021

سکھر: روہڑی کے قریب ٹرین کو افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ٹرین کی 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئٰں جبکہ 4 کھائی میں جا گریں۔ حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 40 مسافر زخمی ہو گئے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ٹرین کراچی سے لاہور آ رہی تھی کہ اچانک حادثہ روہڑی اور پنو عاقل کے درمیان پیش آگیا۔ سکھر ڈویژن کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور سے امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام پر روانہ کر دی ہیں۔ صبح تک ریلوے ٹریک بحال کر دیا جائے گا۔ 

ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پٹڑی سے اترنے والی ایک بوگی سے خاتون کی لاش نکالی گئی ہے۔ جبکہ ڈی سی او ریلوے سکھر کامران لاشاری نے کہا ہے کہ زخمیوں کی تعداد ابھی نہیں بتا سکتے، امدادی آپریشن جاری ہے۔ ریلوے ٹریک کو کلیئر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حادثے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ معلومات کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کر دی ہے۔

دوسری جانب آئی جی ریلویز عارف نواز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 9 بوگیاں ڈی ریل ہوئیں جبکہ 5 بوگیاں کھائی میں گریں۔ حادثے کے مقام پر پہنچنے میں مشکلات ہیں۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیاد ریلوے ہے، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا۔ ریلوے کے تمام بڑے افسر حادثے کے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حادثےمیں کسی کی غفلت ہوئی تو برداشت نہیں کروں گا۔ ابتدائی تحقیق کیلئے افسر حادثے کے مقام پر پہنچ رہا ہے۔ ابتدائی رپورٹ 4 سے 5 روز میں مجھے مل جائے گی۔

(بشکریہ نئی بات)

مزیدخبریں