اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا انکی مرضی کے ڈاکٹر سے علاج کروانا انکا حق ہے لیکن ان کو جیل سے نکال کر باہر بھیجنے کا مطالبہ ہی غلط ہے،یہ اگر رہائی چاہتے ہیں تو قانون میں پلی بارگین موجود ہے، یہ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دل کی بات بول دیتے ہیں اور کھل کر بات کرنے کا موقع بھی دیتے ہیں،وزیر اعظم اور آرمی چیف دو جمع دو کے انسان ہیں،کالعدم تنظیمیں 1970کی دہائی میں پوری دنیا کی معاونت سے قائم کی گئی تھیں تاکہ روس کو افغانستان میں قبضے کا موقع نہ ملے مگر جنرل (ر ) مشرف پر حملے کے بعد کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی گئی،سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنا ، کالعدم تنظیموں پر پابندی کا فیصلہ جنوری 2019میں کر لیا گیا تھا،پاکستان امن کی جانب بڑھ رہا ہے ہماری پوری توجہ معاشی استحکام کی جانب ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا نظام بہت پیچیدہ ہے اگر اداروں کی آپس میں کوارڈینیشن نہیں ہوگی معاملات آگے نہیں بڑھیں گے،نواز شریف کے آرمی کے تمام سربراہان سے تعلقات مسائل کا شکار رہے،نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری کے موقع پر اپنے دورے میں زیادہ تر وقت بزنس ڈیل میں گزارا ،اسی طرح نریندر مودی کے دورہ پاکستان پر بھی نواز شریف نے ان سے تنہا ملاقات کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کا فیصلہ متفقہ تھا، پاکستان کا عالمی سطح پر تاثر بہت بلند ہوا ہے،وزیر اعظم کی تقاریر سے ہمارا امیج بہت بہتر ہوا ہے،اس بات کی تعریف بین الاقوامی میڈیا نے بھی کی، کوششوں کے باجود امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بیان نہیں دیا بلکہ بین الاقوامی موقف ہمارے حق میں رہا،دنیا سمجھتی ہے کہ بھارتی وزیراعظم پاگل پن کا شکار ہے جو خطے کی آبادی کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے جنگ میں جھونکنا چارہ رہا ہے،بھارت میں انتخابات میں کچھ روز ہی رہ گئے ہیں اسلئے نریندر مودی پاکستان کے خلاف سخت زبان استعمال کررہے ہیں،بھارت کے پاس بالا کوٹ واقعہ کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ وہاں وہاں کوئی مدرسہ تھا یا وہاں کوئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کے اندر بھی کوئی نریندر مودی کو کریڈٹ دینے کو تیار نہیں ہے، بھارتی سمجھ رہے تھے کہ وہ خطے کی سپر پاورہے ،جو مدارس حکومت اپنی تحویل میں لے رہی ہے ان مدارس کے بچوں کی ذمہ داری حکومت کی ہے ،ہمیں بچوں کو دین و دنیا دونوں کی تعلیم دینی ہے ،زیادہ تر مدارس کا مسئلہ نہیں ہے وہ بہت اچھے جارہے ہیں تاہم چند مدارس کے خلاف شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کا انکی مرضی کے ڈاکٹر سے علاج کروانا انکا حق ہے لیکن ن لیگ کا موقف ہے کہ نواز شریف کو جیل سے نکال کر باہر بھیجا جائے، یہ مطالبہ ہی غلط ہے،یہ اگر رہائی چاہتے ہیں تو قانون میں پلی بارگین موجود ہے، یہ اس سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں لیکن یہ لندن جانے سے کم پر راضی نہیں ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان امن کی جانب بڑھ رہا ہے ہماری پوری توجہ معاشی استحکام کی جانب ہے۔