آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کیا: رانا ثناءاللہ

07:32 PM, 7 Mar, 2018

لاہور: صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری بے اصول آدمی ہیں جنہوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، پیپلز پارٹی کی سیاست کا سب کو علم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ آصف زرداری کی سیاست پر پی ٹی آئی نے شور مچایا تھا۔ آصف زرداری قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سے تمام ووٹ پاکستان مسلم لیگ کے ہیں، آصف زرداری ن لیگ کا کوئی ووٹ حاصل نہیں کر سکے۔ چیئرمین سینیٹ کیلئے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، یہ ساری کہانی آزاد امیدواروں پر جا کر ختم ہو گی، اگر آزاد امیدوار ہمارے ساتھ آجاتے ہیں تو گیم ختم ہو جائے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ لیڈر شپ صحیح ہو تو نیچے کا گند خود بخود ختم ہو جاتا ہے، سینیٹ انتخابات میں عمران خان کی پارٹی میں جو گند سامنے آیا ہے تو کیا یہ اُوپر سے نیچے آیا ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ رول آف لاء کے حوالے سے رضا ربانی کا کردار بہت اہم ہے، جو سوچ رضا ربانی کی ہے وہ کسی اور کی نہیں ہوسکتی۔ رضا ربانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ بنانا ان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

مزیدخبریں