پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپوں سے کشیدگی بڑھ سکتی ہے، امریکا

11:54 AM, 7 Mar, 2018

واشنگٹن: امریکی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی (ڈی آئی اے) کے ڈائریکٹر لیفٹننٹ جنرل رابرٹ پی ایشلے نے عالمی سلامتی صورتحال پر اپنی رپورٹ آرمڈ سروسز کمیٹی میں پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی کوششوں سے فرقہ ورانہ اور دہشت گردی کے واقعات کم ہو گئے۔ پاکستان سرحدی دراندازی اور ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے گا جبکہ مغربی بارڈر مینجمنٹ کی کوششیں بھی کرتا رہے گا۔ پاکستان افغانستان میں موجود مخالف عناصر کے خلاف کارروائی چاہتا ہے جس کیلئے وہ امریکا اور افغانستان کی طرف دیکھتا ہے۔

امریکی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی نے کہا کہ کنٹرول لائن پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپوں سے کشیدگی بڑھنے کے خطرات ہیں۔ توقع ہے رواں سال بھی کنٹرول لائن پر موجودہ صورتحال جوں کی توں برقرار رہے گی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن ہارس ٹریڈنگ کے سخت خلاف ہے، نواز شریف

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت فوج کو جدید بنانے کیلئے مسلسل کام کر رہا ہے کیونکہ وہ عالمی طاقت کے طور پر اپنی حیثیت منوانا چاہتا ہے۔ نئی دہلی اپنی عالمی حیثیت کیلیے ایٹمی طاقت کو ضروری سمجھتا ہے اور اسی سلسلے میں وہ پہلی ایٹمی آبدوز بنا کر انڈین نیوی کے حوالے بھی کر چکا ہے جبکہ جلد دوسری ایٹمی آبدوز بھی بحریہ کے حوالے کر دے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا بھارت ایشیا بھر میں اپنی سفارتی و معاشی رسائی ثابت کرنا چاہتا ہے جب کہ بحرہند میں اپنے مفادات کا تحفظ بھی کر رہا ہے۔

یہ خبر پڑھیں:  کوئٹہ، ہزار گنجی میں نامعلوم افراد کی پولیس پر فائرنگ، 1 اہلکار شہید

یاد رہے گزشتہ روز بھارتی ڈرون پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے علاقے چڑی کوٹ سیکٹر پر محو پرواز تھا جس کے ذریعے پاکستانی علاقوں کی جاسوسی کی جا رہی تھی اس دوران اسے پاک فوج کے جوانوں نے مار گرایا جس کا ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک سال کے دوران پاک فوج کی طرف سے گرایا جانے والا یہ چوتھا بھارتی ڈرون ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں