ویانا: آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب محمد رضا نجفی نے عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ دنیا میں ایٹمی سیفٹی کے ارتقا اور خدمات کی فراہمی کی غرض سے عالمی سطح پر کی جانےوالی کوششوں کو مربوط بنانے میں موثر کردار ادا کرے۔
رضا نجفی کا کہنا تھا کہ ایٹمی سیفٹی کے اعلی معیاروں پر عملدرآمد کروانا رکن ممالک کی ذمہ داری ہے جبکہ ایٹمی سیفٹی کی تقویت کے لیے تمام رکن ملکوں کے درمیان تعاون سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ گروپ ستتر میں شامل ترقی پذیر ممالک ایٹمی سیفٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے آئیاے ای اے سے تعاون کے خواہاں ہیں۔
محمد رضا نجفی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ایٹمی سیفٹی، ریڈیو تھراپی اور تابکاری اثرات کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے رکن ملکوں کو تربیت فراہم کرنا آئی اے ای اے کی ذمہ داری ہے۔