لاہور: سوشل میڈیا پر سرگرم صارف جنید اکرم نے پاکستان میں کتابیں جمع اور پسند کرنے والے افراد کو ایک ایسی آفر دی جس سے وہ شاید کبھی انکار نہیں کرسکیں۔جنید اکرم جو کامیڈین بھی ہیں، اس وقت دبئی میں رہ رہے ہیں، جو بہت جلد پاکستان آنے والے ہیں، تاہم انہوں نے ایک ایسا منصوبہ بنایا ہے جسے جان کر آپ سب بےحد خوش ہوجائیں گے۔
انہوں نے اپنے فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان میں تمام کتاب پڑھنے کے شوقین افراد ان سے رابطہ کریں۔
جنید اکرم نے لکھاکہ 'میں اس ہفتے کراچی آرہا ہوں، میرے پاس 20کلو تک کے سامان کی جگہ ہے، تو کسی کے لیے بادام پستے لانے کے بجائے میرے پاس ایک بہتر خیال ہے، میں دبئی کے بک ورلڈ کا دورہ کچھ ہی گھنٹوں میں کرنے جارہا ہوں، جہاں کتابوں کی بہترین کلیکشن موجود ہوتی ہے، تو اگر آپ پڑھنے کا شوق رکھتے ہیں اور آپ کو کوئی ایسی کتاب چاہیے جو پاکستان میں نہیں مل رہی، تو پلیز مجھے ضرور بتائیں، میں آپ کے لیے یہ کتاب لے کر آوں گا، اور کوشش کروں گا کہ آپ اس ہی شہر میں ہوئے تو اسے خود آپ کو آکر دوں، اور پیسوں کی آپ بالکل فکر نہیں کریں، گزارش ہے کہ اسے میری طرف سے تحفہ سمجھ کر قبول کریں۔
انہوں نے لوگوں کو اس بات کا بھی یقین دلایا کہ یہ کوئی مارکیٹنگ کی نوٹنکی یا مذاق نہیں، وہ صرف پاکستان میں کتابیں پڑھنے کی روایت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔