لاہور:دنیا بھر میں مختلف قسم کے دن منائے جاتے ہیں جو کسی کی یاد میں یا کسی بھی چیز کی اہمیت اُجاگر کرنے کے لیے منائے جاتے ہیں۔
خواتین کا عالمی دن بھی انہی دنوں میں سے ایک ہے جو ہر سال 8مارچ کو منایا جاتا ہے ۔یہ دن منانے کا مقصد خواتین کی دائرہ زندگی میں اہمیت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے ۔دنیا بھر میں یہ دن مختلف طریقوں سے منایا جاتا ہے ۔
تاریخ کا پہلا خواتین کا عالمی دن 28فروری1909کو منایا گیا اور یہ دن 1908میں ہونے والے ایک احتجاج کی یاد میں منایا گیا تھا۔یہ احتجاج انٹرنیشنل لیڈیز گارمنٹ ورکر ز یونین کی جانب سے کیا گیا تھا اور امریکا کی سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے اس دن کی یاد میں ہی پہلا خواتین کا دن منایا گیا تھا۔اُ س کے بعد اگست 1910میں ڈنمارک میں خواتین کی ایک کانفرنس منعقد کی گئی جس میں 17ملکوں سے100خواتین نے شرکت کی ۔اس کانفرنس میں امریکی سماجی کارکن Luis Zietzاور Calara Zetkinنے خواتین کا عالمی دن منانے کے لیے ایک پروپوزل پیش کیا جس کو کانفرنس کی تمام خواتین نے پسند کیا اور اس پر اتفاقِ رائے کر لیا گیا۔
تاہم اس کانفرنس میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے کوئی تاریخ تجویز نہیں کی گئی تھی۔اس کے بعد 1914تک خواتین کا عالمی دن مختلف تاریخوں میں منایا جاتا رہا لیکن 1914میں پہلی دفعہ یہ دن 8مارچ بروز اتوارکو منایا گیا اور اُس کے بعد آج تک یہ دن 8مارچ کو ہی منایا جاتا ہے ۔
شروع میں مغربی خواتین نے یہ دن مختلف حقوق کے لیے منایا جس میں ووٹ کا حق بھی شامل تھا ۔1996سے بعد اب تک یونائیٹڈ نیشنز کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کو ایک تھیم کے تحت منایا جاتا ہے اور 2017کا تھیم Women in the Changing World of Work: Planet 50-50 by 2030 ہے۔جبکہ 1996میں پہلا تھیم Celebrating the Past, Planning for the Future تھا۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یہ دن خواتین کے حقوق کے تحفظ ،ان کی سماجی و معاشرتی اہمیت،معاشرے میں عزت و مقام ،ملکی ترقی میں ان کے کردار کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔