اسلام آباد :بلین ٹری سونامی پروگرام کا نام تبدیل کردیاگیا ہے، بجٹ میں اضافے کی تجویز، پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرین پاکستان پروگرام کے بجٹ میں 300 فیصد سے زیادہ کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ اس پروگرام کے لیے 15 ارب 62 کروڑ روپے رکھنےکی تجویز بھی دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ پروگرام پی ٹی آئی دور میں 10 بلین ٹری سونامی کے نام سے شروع کیا گیا تھا، رواں مالی سال گرین پاکستان پروگرام کے لیے 3 ارب 90 کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ جون 2024 تک گرین پاکستان پروگرام پر 29 ارب 56 کروڑ روپے کے اخراجات ہو چکے ہیں، ایکنک نے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کی منظوری 2019 میں دی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایکنک نے یہ منصوبہ 125 ارب 18کروڑ 43 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کیا تھا اور پی ڈی ایم کی گزشتہ حکومت میں منصوبے کا نام گرین پاکستان پروگرام رکھ دیا گیا تھا۔