کوئٹہ:سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شرکے قتل کا مقدمہ سابق وزیر اعظم چئیرمین پی ٹی آئی کےخلاف مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں جمیل شہید پولیس تھانے میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شرکو منگل کے روز ایئرپورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب نامعلوم افراد نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیاگیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کو 16گولیاں ماری گئی تھیں جس کا مقدمہ مقتول کے بیٹے سراج احمد کی مدعیت میں سابق وزیر اعظم پی ٹی آئی کے چیئرمین کے خلاف جمیل شہید پولیس تھانے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ 6،7 کے تحت درج کر لیا گیا ۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر عطاء تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وکیل کے قتل کا مورد الزام سابق وزیراعظم عمران خان کو ٹھہرایا تھا ۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو قتل کا جواب دینا ہوگا، ہم عبدالرزاق شر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
واضح رہے کہ مقتول نے عمران خان کے خلاف آئین کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6کی روشنی میں سنگین غداری کے کیس کی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کررکھی تھی اور آج کیس کی سماعت ہونا تھی جو کہ بنچ کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی موخر کردی گئی۔
رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ کے مطابق سنگین غداری کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔