لاہور: وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم نے نجم سیٹھی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی کے لیے امیدوار نامزد کر دیا۔ وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو جلد پی سی بی چیئرمین کے الیکشنز مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم جلدہی چئیر مین پی سی بی کے الیکشنز کے لیے پی سی بی گورنر بورڈ کو دو امیدواروں کے نام بھجوائیں گے۔نجم سیٹھی کے ساتھ ساتھ مصطفیٰ رمدے کا نام بھی نامزد کرنے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ذکا اشرف کو نامزد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
شہبازشریف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے ملاقات میں وزیراعظم کو ایشیاء کپ اور انڈیا میں ورلڈ کپ سے متعلق بریفنگ دی، نجم سیٹھی نےوزیر اعظم سے ایشیا ء کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق موجودہ حالات کے پیش نظر رائےبھی مانگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نےوزیراعظم کو پی سی بی کا 2014 کے آئین بحالی سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین مکمل بحال ہوچکا، نوے فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوچکا، ریجنز کے 80 فیصد الیکشن مکمل ہوچکے۔ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 جون سے شروع ہورہا ہے۔
نجم سیٹھی نے مزید بتایا کہ ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کرلیا گیاہے جس کا جلد اعلان ہوگا،ڈیپارٹنمنٹل کرکٹ بحال ہوچکی، تمام ڈیپارٹمنٹس نے اپنی کرکٹ ٹیمیں بنانا شروع کردی۔
وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین بحالی پر مبارکباد دی۔