اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا اور شہریوں کو پانی کے بار بار استعمال کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد، مو ہنجو داڑو اور لاڑکانہ میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہید بینظیر آباد، خیر پور، بھکر، دادو، ڈی آئی خان، سبی اور نور پور تھل میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار میں گردآلود اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیزہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ آئندہ دو سے تین روز تک موسم سخت گرم اور خشک رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی سے بچنے کیلئے بے جا باہر مت نکلیں، باہر نکلنا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور پانی کا بار بار استعمال کریں۔