اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کرنے کے علاوہ سرکاری اجلاس ورچوئل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بیرون ملک سرکاری دوروں پر پابندی عائد کرنے کیساتھ ساتھ سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلہ کئے گئے ہیں اور ہفتے کی چھٹی بحال ہو گئی ہے جبکہ جمعہ کو گھر پر کام کرنے کی تجویز بھی آئی ہے جس سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اجلاس ورچوئل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگانے کے علاوہ دفاتر کی تزئین و آرائش کی اشیاءاور دفاتر کیلئے فرنیچر خریدنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ سرکاری سطح پر لنچ، ہائی ٹیز اور ڈنر پر بھی پابندی عائد کی گئی ۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بیرون ملک سرکاری دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ضروری سرکاری دوروں پر کمیٹی فیصلہ کر کے اجازت دے گی۔ اس کے علاوہ افسران اور کابینہ ارکان کی بیرون ملک علاج پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے جس سے قومی خزانے کی بڑی بچت ہو گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مارکیٹس کھولنے بند کرنے کے اوقات کا فیصلہ وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔