پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی، جامعہ الازہر کی شدید مذمت

02:47 PM, 7 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

قائرہ : مصر کی  جامعہ الازہر نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی  ترجمان کی پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی  کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاست دانوں کا  دہشتگردی  پر مبنی رویہ دنیا کو خطرناک  بحرانوں اور جنگ میں دھکیل سکتا ہے۔

جامعہ الازہر کی جانب سے جاری ہونے والے  بیان میں کہا گیا ہے کہ مہذب دنیا کو سیاسی فائدے کے لیے مذاہب ، اعلیٰ انسانی اقدار کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی ترجمان کا گستاخانہ بیان توہین آمیز اور جہالت کا عکاس ہے، بھارتی سیاستدانوں نے انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لئےاسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کا سہارا لیا ہے اور وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی حکمراں جماعت کا یہ نقطۂ نظر انتہا پسندی، نفرت اور بغاوت کی واضح دعوت ہے، عالمی برادری عزم و طاقت کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکیوں کے خطرات کا مقابلہ کرے۔

مزیدخبریں