لاہور: برٹش ایئرویز نے آپریشنل اور کمرشل وجوہات کی بنیاد پر 15 جون سے 30 جون 2022 تک اسلام آباد کیلئے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برٹش ایئرویز کے سٹیشن منیجر نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ برٹش ایئرویز کی اسلام آباد کیلئے پروازیں 15 جون تک جاری رہیں گے۔
برٹش ائیرویز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد روٹ آپریشنل و کمرشل وجوہات کی بناءپر 2 ہفتوں کیلئے معطل کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے علاوہ کسٹمرز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق 15 جون کے بعد کی پروازوں کیلئے ٹکٹ خریدنے والے کسٹمرز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان سے معذرت خواہ بھی ہیں جبکہ انہیں مکمل سہولیات، متبادل بکنگ یا ری فنڈ کی آپشنز دی جا رہی ہیں۔
برٹش ائیرویز کی پروازیں 15 جون سے صرف دو ہفتے کیلئے معطل کی جا رہی ہیں جبکہ مزید شیڈول یا تبدیلی کے بارے آگاہ کر دیا جائے گا، سفر سے پہلے برٹش ایئرویز کی ویب سائٹ سے تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پروازوں کی معطلی برٹش ایئرویز کی آپریشنل و کمرشل وجوہات کی بناءپر ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں غلط ہیں کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث برٹش ایئرویز کی پروازیں معطل کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سی اے اے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایوی ایشن فیول فراہم کرنے والے سے بھی رپورٹ لی ہے جس نے تصدیق کی ہے کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے اور فیول سٹوریج ٹینک فل ہیں۔