سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے جس نے نام نہاد سیکیورٹی آپریشن کی آڑ میں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے 2 مختلف علاقوں میں نام نہاد سیکیورٹی آپریشن کیا جس دوران 3 کشمیری نوجوان شہید ہوئے جبکہ ان کی لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے بھارتی فوجیوں نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے جہاں علاقے کی ناکہ بندی کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قابض بھارتی فورسز نے بارہ مولا کے علاقے میں بھی جعلی مقابلے میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا، بھارتی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اورمکینوں کو ہراساں کیا جبکہ متعدد نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
بارہ مولا، سو پور، کپواڑہ سمیت مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں نے سڑکیں بند کردی ہیں جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں جبکہ انٹرنیٹ اورموبائل سروس بھی معطل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید کشمیری نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے بھارتی فوجیوں نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں اور بھارتی فورسز گزشتہ چند روز میں 15 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو شہید کرچکی ہیں۔