اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 میں الیکشن ہوجائیں گے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب 8 ماہ دیہاڑی پر نوکری کرکے واپس چلے گئے، اب بھی کوشش کر رہے ہیں کہ واپس کرسی پر آ سکیں ۔ انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا ،بائیس سال میں کتنے سیاستدانوں کو جیل میں ڈالا اور جرم ثابت ہوا؟ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک نیب کا خوف رہے گا ملک نہیں چل سکتا ۔ نیب کی جانب سے ملک میں کرپشن روکنے کا تاثر بھی غلط قراردے دیا۔ انکا کہنا تھا کہ نیب اس ملک کا کرپٹ ترین ادارہ ہے ۔ ملک کا ہزاروں ارب کا نقصان ہوا ہے اور ہوتا رہے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے لوڈ شیڈنگ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 30 جون تک لوڈشیڈنگ ڈیڑھ سے دو گھنٹے رہ جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کوئی ریٹائرڈ افسران ہیں تو پہلے کہاں تھے؟ ریٹائرڈ افسران اگر الیکشن چاہتے ہیں تو ضرور ہوں گے، ملک میں الیکشن ہونا چاہیے، ہم بھی کہتے تھے۔ اکتوبر 2023 میں الیکشن ہوجائیں گے۔