لودھراں: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مسلم لیگ (ن) کی دو اہم وکٹیں گرا دیں، سابق رکن قومی اسمبلی پیر اقبال شاہ اور سابق رکن صوبائی اسمبلی پیر عامر اقبال شاہ پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں سے مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے پیر اقبال شاہ اور سابق ایم پی اے پیر عامر اقبال شاہ نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان سے ملاقات کی اور ن لیگ سے راہیں جدا کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔
ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی جبکہ ملاقات کے دوران ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور بدترین معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حقیقی آزادی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ لودھراں سے سابق ایم این اے اقبال شاہ نے 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے منحرف رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے کو شکست دی تھی۔