لندن: تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا پہلا بیان آگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہونے کے بعد کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ نے متاثر کن اور حتمی فیصلہ دیدیا، اب حکومت چاہتی ہے کہ سب مل کر آگے بڑھیں۔ انکا کہنا تھا کہ آج کا نتیجہ سیاست اور ملک کیلئے اچھا ہے، اعتماد کے حوالے سے ساتھیوں نے 2019 سے بھی بڑا مینڈیٹ دیا۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد فوری الیکشن میں دلچسپی نہیں ، معیشت کو مضبوط کرنے اور ملک بھر میں یکساں مواقع فراہم کرنے کا موقع ملا ہےاپنے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے۔
بورس جانسن نے ان ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا ساتھ دیا اور کہا کہ اب ہمیں بطور حکومت اور پارٹی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
دوسری طرف ان نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ کنزرویٹو ارکان میں واضح تقسیم پائی جاتی ہے اور مسائل کے حل کے لیے ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اعتماد کا ووٹ جیت لیا، کامیابی کیلئے 180 ووٹ درکار تھے جبکہ بورس جانسن نے 211 ووٹ حاصل کیے اور 148 ووٹ مخالفت میں پڑے۔