کراچی: شہر قائد میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈز جاری کرنے کے معاملے پر نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے انٹیلی جنس افسر سمیت 6 افسران کو معطل کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز کے اجراءپر بڑے پیمانے پر تحقیقات کے فیصلے کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے جبکہ معطل نادرا اہلکاروں کے بارے میں وزارت داخلہ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے، نادرا افسران کو غفلت برتنے پر انٹیلی جنس اطلاعات کی روشنی میں معطل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماہین نبیل گبول سمیت ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر عائشہ عمران صدیقی، انٹیلی جنس افسر منظور حسین ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظہور احمد، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ فیصل رانا اور عرفان علی شامل ہیں۔