لاہور: پنجاب حکومت نے قذافی سٹیڈیم لاہور کے باہر ڈرائیو تھرو کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا آغاز کر دیا ہے اور اب شہری اپنی گاڑی سے اترے بغیر ہی ویکسین لگوا سکیں گے۔
ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض کے مطابق کورونا ویکسین سینٹر رات 8 بجے سے رات 2 بجے تک کام کرے گا اور اس سینٹر میں 60 سے 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرائیو ان سنٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا سنٹر ہے جہاں شہری اپنی گاڑی میں بیٹھے ہی ویکسین لگوا سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد تک گر گئی ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے ویکسین لگوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ این سی او سی کے مطابق اب تک 23 لاکھ 10 ہزار 115 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے جبکہ 40 لاکھ 54 ہزار افراد کو سنگل ڈوز لگ چکی ہے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آخر تک ملک بھر میں 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگا دی جائے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز 49 ہزار285 افراد کے کوروناٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1490 کیس مثبت آئے اور اس کیساتھ ہی متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ33 ہزار630 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں کورونا سے مزید 58 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد 21 ہزار 323 ہو گئی جبکہ ملک بھر میں 3 ہزار 205 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1820 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 65 ہزار ہوگئی ہے۔