لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءو سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حادثہ اس لئے ہوا ہے کہ ٹریک کی مرمت ہی نہیں کی جار ہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ انجن کی مرمت بھی نہیں کی جارہی ہے، آپ نے ریلوے کا نظام تباہ کرکے رکھ دیا ہے، انجن اور بوگی دونوں مینٹیننس مانگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات صاحب اپنے کرتوتوں کا جائزہ لیں، آپ کی وجہ سے ریلوے تباہ ہو گئی ہے، کروڑوں روپے کا ریلوے کو چونا لگایا جا رہا ہے، اب رسیدیں آپ کو دینی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے تصادم سے کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 40 مسافر جاں بحق ہو گئے۔ حادثے سے متعلق ڈی ایس ریلوے طارق لطیف نے بتایا کہ ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے 2منٹ بعد ہی سرسید ایکسیریس متاثرہ بوگیوں سے ٹکراگئی۔
ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کے مطابق ٹرین حادثہ 3 بجکر 45 منٹ پر ہوا، حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ریلوے ٹریفک معطل ہے، دونوں اطراف کی تمام مسافر ٹرینیں بڑے بڑے سٹیشنوں پر روک لی گئی ہیں۔
دوسری جانب سرسید ایکسپریس کے زخمی ڈرائیور کا کہنا ہے کہ شہریوں کے اشارے پر ایمرجنسی بریک لگایا کہیں اور سے اطلاع نہیں ملی تھی۔ زخمی ڈرائیور نے اپنے بیان میں کہا کہ ریتی سٹیشن کے سگنل گرین ملے تھے، ریتی کے سٹیشن ماسٹر سے بھی بات ہوئی اس نے بھی کلیئر کیا، گاڑی مقررہ رفتار سے جارہی تھی کہ شہریوں کو اشارہ کرتے دیکھا تو ایمرجنسی بریک لگایا۔