نیند اور غلط پرواز میں سواری خاتون کو منزل سے سینکٹروں میل دور لے گئی

05:43 PM, 7 Jun, 2021

مانچسٹر،دوران سفر نیند آپ کو کہاں سے کہاں لے جاسکتی ہے، غلط پرواز میں نیند کا جھولا خاتون کو منزل سے 12 سو میل دور لے گیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق گیما کارگین نامی خاتون کے ساتھ ایساہی  واقعہ پیش آیا ہے جس کو مانچسٹر سے آئرلینڈ کے دارالحکومت بیلفاسٹ جانا تھا مگر وہ جبرالٹر پہنچ گئی اس وقت اس کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا جب اسے معلوم ہوا کہ وہ غلط پرواز پر سوار ہوکر منزل سے 12 سو میل دور پہنچ گئی۔

گیما کارگین نامی خاتون ایزی جیٹ کی پرواز میں بغیر کسی روک ٹوک کے سوار ہوگئی  اسے لگا کہ وہ درست دروازے سے داخل ہوئی ہے۔25سالہ خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ٹی سی اسکرین نے ہمیں بتایا تھا کہ پرواز گیٹ پر نہیں تو مجھے خیال ہی نہیں ہوا کہ میں غلط پرواز پر سوار ہورہی ہوں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حیران کن طور پر خاتون کے بورڈنگ پاس کو بھی اسکین کیا گیا تھا مگر ایئرلائن کے عملے نے غور ہی نہیں کیا کہ مذکورہ خاتون مسافر درست پرواز پر سوار ہوئی یا نہیں۔

طیارے کے اڑنے سے قبل ہی گیما کارگین اپنی نیند پوری کرنے کیلئےسو گئی تھیں اور درمیان میں جاگنے پر علم ہوا کہ طیارہ ایک گھنٹے اور 15منٹ بعد لینڈ کرے گا۔

اس کو سن کر ان کے ذہن میں گھنٹی بجنے لگی کیونکہ مانچسٹر سے بیلفاسٹ کی پرواز کا دورانیہ لگ بھگ 40 منٹ کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عملے نے مجھے بتایا تھا کہ طیارے کی لینڈنگ میں ایک گھنٹہ 15 منٹ باقی ہیں اور میں نے پوچھا کہ کیا یہ پرواز بیلفاسٹ نہیں جارہی۔

اس وقت گیما کو علم ہوا کہ یہ پرواز جبرالٹر جارہی ہے جو اسپین کے جنوبی ساحل میں برطانوی خطہ ہے۔ گیما کو یہ سن کر دھچکا لگا اور پریشانی میں سوچا کہ میں یہ جان کر دنگ رہ گئی اور سوچنے لگی اب میں گھر کیسے جاؤں گی کیا مجھے جبرالٹر میں چھوڑ دیا جائے گا۔

خوش قسمتی سے فضائی کمپنی نے اسی طیارے سے گیما کو مانچسٹر واپس بھیج دیا مگر اس سے قبل انہوں نے باہر نکل کر تازہ ہوا میں کچھ سانسیں لیں اور ایک سیلفی بھی بنائی۔ اس طرح ان کا ایک گھنٹے بھی کم وقت کا فضائی سفر 12 گھنٹے کا ہوگیا جس کا دورانیہ 2396 میل تھا۔

کمپنی کی جانب سے اب تحقیقات کی جارہی ہے کہ کس طرح ایئرپورٹ اور کمپنی کے عملے سے یہ غلطی ہوئی کہ گیما کارگین دوسری پرواز پر سوار ہوگئی۔

مزیدخبریں